ملتان: سرائیکی رہنمائوں ظہور دھریجہ، احسان سدوزئی، ملک جاوید چنڑ، شریف خان لاشاری مسیح اللہ خان جام پوری اور ثوبیہ ملک کے مشاورتی اجلاس کا منظر |
ملتان (سٹاف رپورٹر)2 جون کو نواب مظفر خان شہید کی برسی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے سرائیکی رہنمائوں کا اجلاس ہوا۔ سرائیکستان قومی کونسل کے صدر ظہور دھریجہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے سو دن میں صوبہ بنانے کا وعدہ پورا نہیں کیا اور نہ ہی کمیشن بنایا ہے، ہم صوبہ سرائیکستان کے قیام کیلئے جدوجہد تیز کریں گے اور اپنے وسیب کو غلامی سے آزاد کروا کر ہی نواب مظفر خان شہید کو حقیقی معنوں میں خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواب مظفر خان شہیدمسلمانوں کے عظیم رہنما تھے جنہوں نے غیر مسلم طاغوتی قوت رنجیت سنگھ کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا اور مادر ملت کا دفاع کرتے ہوئے اپنے اہل و عیال کی قربانی دے کر مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اجلاس میں احسان خان سدوزئی، ملک جاوید چنڑ ایڈووکیٹ، شریف خان لاشاری، مسیح اللہ خان جام پوری اور ثوبیہ ملک نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عظیم مسلم حریت پسند نواب مظفر خان شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 2 جون صبح 10 بجے حضرت بہائو الدین زکریا ملتانیؒ کے احاطہ میں مدفن نواب مظفر خان شہید کی قبر پر چادر چڑھائی جائے گی اور فاتحہ ہو گی۔ بعدازاں احتجاجی مظاہرہ ہو گا اور رنجیت سنگھ کا پتلا نذر آتش کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرائیکستان قومی اتحاد کے دفتر ڈیرہ اڈا ملتان میں 1 بجے دن نواب مظفر خان شہید سیمینار ہو گا اور شام 5 بجے سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی سکرٹریٹ میں نواب مظفر خان شہید کانفرنس ہو گی۔ اسی طرح عوامی سرائیکی پارٹی ڈیرہ غازیخان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سرائیکی رہنما اکبر خان کی قیادت میں نواب مظفر خان شہید کانفرنس ہو گی اور احتجاجی ریلی برآمد کی جائے گی۔ سرائیکی رہنمائوں نے اپنے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا کہ 3 جون کو وسیب کے محسن پروفیسر شوکت مغل کی پہلی برسی کے موقع پر پروفیسر شوکت مغل کانفرنس ملتان ٹی ہائوس میں شام 4 بجے ہو گی۔ یہ کانفرنس شمع بناسپتی کے اشتراک سے ہو گی اور کانفرنس کے مہمان خصوصی حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز کے چیف ایگزیکٹو شیخ احسن رشید ہوں گے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں