مظفر گڑھ: ہیڈ محمد والا پر ظہور دھریجہ کی قیادت میں سرائیکستان قومی کونسل کے احتجاجی مظاہرے کا منظر |
مظفرگڑھ:وفاقی و صوبائی بجٹ میں سرائیکی وسیب کو نظر انداز کیا گیا۔ مسائل کا حل سرائیکی صوبہ ہے۔ ان خیالات کاا ظہار سرائیکی رہنمائوں ظہور دھریجہ، ملک جاوید چنڑ ایڈووکیٹ، شریف خان لشاری اور غازی خان مشوری نے ہیڈ محمد والا پر ہونیوالے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ صوبہ سرائیکستان کے قیام اور وسیب کے حقوق کیلئے ہم نے جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے۔ وسیب کے مختلف علاقوں میں احتجاج اور دھرنے کا سلسلہ جاری رہے گا کہ وسیب کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے۔ حکمرانوں نے سول سیکرٹریٹ نہیں بلکہ صوبے کا وعدہ کیا تھا مگر وسیب کے لوگوں کو لولی پاپ دیا کہ ابھی ہم سول سیکرٹریٹ بنا رہے ہیں اور یہ صوبے کی طرف پہلا قدم ہے۔ سول سیکرٹریٹ کا پہلے وزیر اعلیٰ نے سنگ بنیاد رکھا اور بعدازاں وزیر اعظم عمران خان نے آکر سنگ بنیاد رکھا مگر ہم پوچھتے ہیں کہ وہ سیکرٹریٹ کہاں ہے؟ حکمران وسیب کے کروڑوں لوگوں سے نہیں بلکہ خود سے بھی مذاق کر رہے ہیں۔ ملک جاوید چنڑ نے کہا کہ سرائیکی وسیب میں گزشتہ سال دو نئی یونیورسٹیوں کا اعلان ہوا مگر اُس کیلئے فنڈ خرچ نہ ہوئے۔ اب ان یونیورسٹیوں کو نئے اعلان کی صورت میں دہرا دیا گیا ہے۔ سرائیکی وسیب میں ڈی جی خان، ملتان کیڈٹ کالج منظور ہوئے نئے بجٹ میں کوئی رقم نہیں رکھی گئی۔ خان پور کیڈٹ کالج درمیان میں لٹکا ہوا ہے حالانکہ پنجاب کے وزیر تعلیم نے دو سال پہلے اعلان کیا تھا کہ اگست 2019ء میں خان پور کیڈٹ کالج کی کلاسیں شروع ہو جائیں گی مگر ابھی تک وہ اعلان صرف اعلان ہی ہے۔ شریف خان لشاری نے کہا کہ وسیب کے ساتھ کئے گئے وعدے اگر پورے نہیں ہوتے تو ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرائیکی صوبے اور محرومی کے خاتمے کے وعدے پورے نہیں ہوتے تو پھر کب ہوں گے؟ موجودہ بجٹ میں موٹرویز اور ٹیکس فری انڈسٹریل زون بھی نہیں بنائے گئے۔ مظفرگڑھ تا ہیڈ پنجند ایم این روڈ اور انڈس ہائی وے کو نظر انداز کرنا صرف وسیب نہیں ملک کے ساتھ بھی زیادتی ہے کہ یہ قومی شاہرات ہیں۔ غازی خان مشوری نے کہا کہ میں اُن تمام نوجوانوں کا شکر گزار ہوں جو میرے بلاوے پر آج کے مظاہرے میں شریک ہوئے ہیں۔ ہم وسیب کے حقوق اور صوبہ سرائیکستان کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔اس موقع پر نوجوانوں نے حکمرانو حیا کرو، صوبے کا وعدہ وفا کرو، تیری شان میری شان سرائیکستان سرائیکستان، پاکستان کا استحکام سرائیکی صوبے کا قیام کے نعرے لگائے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں