چوک سرور شہید: مولانا مفتی اسد محمود جماعت کے امیر حاجی کریم داد پٹھان کے بھتیجے کی وفات پر اظہار تعزیت کر رہے ہیں |
چوک سرورشہید (نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور قومی اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر مولانا مفتی اسد محمود جمعیت علماء اسلام کے چوک سرورشہید کے امیر حاجی کریم داد پٹھان کی رہائش گاہ پر پہنچے اور حاجی کریم داد سے ان کے جواں سال داماد اور بھتیجے محمد نعیم کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعائے مغفر ت کی۔انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجود حکومت عالمی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔اور عمران خان کو لایا ہی اس لئے گیا ہے کہ عالمی طاقتوں اوریہودیوں کے ایجنڈے کو تقویت دیں،اسی سلسلہ میں فیٹف کو بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔حکومت فیٹف کو بنیاد بنا کر حکومت دینی مدارس اور مساجد کی پراپرٹی اور نظم ونسق اپنے کنڑول میں لینا چاہتی ہے لیکن جمعیت علماء اسلام اور دینی و مذہبی جماعتیں ایسا کسی صورت نہیں ہونے دیں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ای ایم کی تمام جماعتیں متحد ہیں اور بہت جلد حکومت کے خلاف ایک زور دار تحریک شروع ہونے والی ہے۔پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی بھی پی ڈی ایم میں جلد واپس آئیں گی۔مولانا مفتی اسد محمود نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔ غربت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے۔ قیمتو ں پر کوئی کنٹرول نہ ہے۔ سلیکٹڈ احتساب کیا جارہا ہے۔ جو اپنی پارٹی کے چور ہیں ان کو تحفظ اور این آر او دیکر عمران خان خود ایکسپوز ہورہا ہے۔ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کے قریب ہے تین سال میں تین وزیر خزانہ تبدیل کرکے عمران خان نے ثابت کیا کہ اسے اور اسکی ٹیم کو کوئی سوجھ بوجھ نہیں۔ اور ملک کو تجربہ گاہ بناکررکھ دیا گیا۔ عام آدمی کی مشکلات میں آئے روز اضافہ ہورہاہے۔ لیکن ہم بہت جلد ایک بڑی تحریک چلا کر حکومت کو گھر بھیج دیں گے ،ا س موقع پر مفتی عزیز الرحمن، مولانا عبیداللہ جمعیت علماء اسلام کے کارکنان بھی موجود تھے
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں