مظفر گڑھ: وزیراعلیٰ کے مشیر سردار عبدالحئی دستی منور حسین بھٹی کو کسان کارڈ دے رہے ہیں
مظفرگڑھ :وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر زراعت نے سردار عبدالحئی خان دستی نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کسانوں کے لیے سب سے زیادہ 3سو ارب روپے مختص کرکے کسانوں سے الیکشن کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل کر دی ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو کھاد،بیج اور کیڑے مار ادویات میں اعانت کے ساتھ ساتھ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں متاثرہ فصلوں کے لئے قرضے اور معاونت فراہم کی جائے گی۔کسان کارڈ کا اقدام ملک میں زرعی انقلاب لائے گا،کسان کپاس کی کاشت محکمہ زراعت کے عملے کی مشاورت اور معاونت سے کاشت کرکے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کریں۔ تفصیل کے مطابق محکمہ زراعت توسیع مظفرگڑھ کے زیر اہتمام کپاس کے کاشتکاروںاور کسانوں میں کسان کارڈ کی تقسیم کے سلسلہ میں ایک زرعی سیمینار منعقد کیا گیا۔ جسکے مہمان خصوصی سردار عبدالحئی خان دستی مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب تھے۔ جبکہ مہمان اعزاز مہر عابد حسین ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈیرہ غازی خان تھے۔ تقریب میں کسانوں کی بہت بڑی تعداد شریک تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہر عابد حسین ڈائریکٹر زراعت توسیع کا کہنا تھا کہ کسان کپاس کی منظور شدہ اقسام کاشت کریں اور کپاس کو نقصان پہنچانے والے کیڑے مکوڑوں کے لیے بروقت سپرے کریں اس سلسلے میں بائیو لیب کی سہولت سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوسکے۔ نیز تمام کسان محکمہ زراعت توسیع کے دفاتر میں پہنچ کر اپنی رجسٹریشن ضرور کرائیں تاکہ کسان کارڈ کے حصول میں کامیاب ہو سکیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر شوکت علی عابد ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے بھی کسانوں کو کسان کارڈ اور اسکی اہمیت وضرورت کے متعلق تفصیلاً آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر خرم شہزاد کیمسٹ نے بھی کسانوں کو کپاس کی فصل کو متاثر کرنے والی جڑی بوٹیوں اور کیڑے مکوڑوں سے فصل کو محفوظ رکھنے اور زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے مفید مشورے دیئے۔ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عبدالحئی خان دستی نے تقریب کے اختتام پر کسانوں میں کسان کارڈ تقسیم کر کے وزیراعظم کے کسان کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں