قومی اسمبلی کے بعد بلوچستان اسمبلی میں دھینگا مشتی شرمناک سیاست ہے،ظہور دھریجہ - App Urdu News | Urdu News | Latest Urdu News

بریکنگ نیوز

قومی اسمبلی کے بعد بلوچستان اسمبلی میں دھینگا مشتی شرمناک سیاست ہے،ظہور دھریجہ

 

Multan Zahoor Dharija
سرائیکی جماعتوں کے اجلاس میں ظہور دھریجہ، ملک جاوید چنڑ، منظور حسین جتوئی، شریف خان لشاری و دیگر شریک ہیں


ملتان :قومی اسمبلی کے بعد بلوچستان اسمبلی میں دھینگا مشتی کی مذمت کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جمہوریت کو بدنام ہونے سے بچایا جائے اور سرائیکی وسیب کو بجٹ کیساتھ ملازمتوں کا بھی 35 فیصد کوٹہ دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سرائیکی پارٹی، سرائیکستان قومی کونسل اور سرائیکستان قومی اتحاد کے اجلاس میں کیا گیا۔ صدارت ظہور دھریجہ نے کی جبکہ مہمان خصوصی ملک جاوید چنڑ، منظور حسین جتوئی اور شریف خان لشاری تھے۔ اجلاس میں شرافت عباس خان ایڈووکیٹ، افضال احمد ،بابا ممتاز اور حاجی عید احمد دھریجہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ہم جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ کو تسلیم نہیں کرتے اور وسیب کی مکمل حدود اور شناخت کے مطابق صوبہ سرائیکستان کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں 35 فیصد کوٹے کی لولی لنگڑی سکیم تیار کر ہی لی ہے تو پھر صوبائی ملازمتوں میں بھی 35 فیصد کوٹہ رکھا جائے۔ این ایف سی ایوارڈ سے بھی 35 فیصد حصہ دیا جائے۔ انجینئرنگ اینڈ میڈیکل کالجوں میں بھی وسیب کا الگ کوٹہ مقرر کیا جائے۔ انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عدلیہ کی ملازمتوں میں بھی وسیب کیلئے الگ کوٹہ مقرر کیا جائے۔ این ایف سی ایوارڈ سے بھی حصہ دیا جائے۔ اگر کوئی کام کرنا ہے تو نیک نیتی سے کیا جائے ورنہ لولی پاپ دے کر ہمارے زخموں پر نمک پاشی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی نام نہاد سول سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری صاحبان بے اختیار ہیں۔ نہ ان کے پاس فنڈز ہیں نہ دفاتر اور نہ ہی سول سیکرٹریٹ کیلئے کوئی قانون سازی ہوئی ہے۔ سب دھوکہ اور فراڈ ہو رہا ہے۔ سرائیکی رہنمائوں نے وسیب میں نہری پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وسیب کو اس کے حصے کے مطابق پانی دیا جائے اور ارسا میں وسیب کا نمائندہ مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج پناہ گزینوں کا عالمی دن ہے۔ ہم کہیں گے کہ وسیب کے خطہ ڈی آئی خان اورو ٹانک سے افغان مہاجرین کو واپس بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وسیب کے نام پر عالمی اداروں سے فنڈز لیکر ہڑپ کر لیے جاتے ہیں۔ اب بھی وسیب کے 16 پسماندہ اضلاع کے نام پر ورلڈ بینک سے 44 کروڑ 20 لاکھ ڈالر حکومت پنجاب کو حاصل ہوئے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ یہ تمام رقم وسیب پر خرچ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میوزیم کا اعلان خوش آئند ہے اس کے ساتھ کرافٹ بازار بھی تعمیر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنا نیا ٹیلی ویژن سٹیشن بنانے جا رہی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ سرائیکی وسیب میں سرائیکی زبان و ادب کا ادارہ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ سرائیکی ٹیلی ویژن اور سرائیکی زبان کے ایف ایم ریڈیو بھی قائم کئے جائیں۔ سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے بعد بلوچستان اسمبلی میں دھینگا مشتی کی مذمت کرتے ہیں کہ یہ عمل جمہوریت کو بدنام کرنے کی خوفناک سازش ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جمہوریت کو بدنام ہونے سے بچایا جائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں