سرائیکی صوبہ بننے سے وسیب کے کروڑوں افراد کا فائدہ ہے،ظہور دھریجہ - App Urdu News | Urdu News | Latest Urdu News

بریکنگ نیوز

سرائیکی صوبہ بننے سے وسیب کے کروڑوں افراد کا فائدہ ہے،ظہور دھریجہ

 

Kot Addu Zahoor Dhareja
کوٹ ادو سرائیکستان قومی کونسل کے زیر اہتمام صوبہ سرایئکستان کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے


کوٹ ادو:سرائیکستان قومی کونسل کی طرف سے چاہ جت والا کوٹ ادو میں صوبہ سرائیکستان کے حق میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے سرائیکی رہنما ظہور دھریجہ، ملک جاوید چنڑ، شریف خان لشاری، حنیف خان ٹانوری اور حاجی عید احمد دھریجہ نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کا لولی پاپ ختم کرکے صوبہ بنایا جائے اور حکومت اپنا وعدہ پورا کرے۔ اس موقع پر نعرہ بازی کی گئی جس میں کہا گیا کہ حکمرانو حیا کرو، صوبے کا وعدہ وفا کرو، بہاولپور نہ ملتان صوبہ سرائیکستان،مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ظہور دھریجہ نے کہا کہ جب ہم صوبے کے بات کرتے ہیں تو تحریک انصاف کے کچھ لوگ کہتے ہیں کہ صوبہ بنا دیا گیا تو تخت لاہور تحریک انصاف کے ہاتھ سے جاتا رہے گا اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ (ن) لیگ کے پاس چلی جائے گی۔ میں کہتا ہوں کہ پنجاب کی حکومت (ن) لیگ کو دے کر سرائیکی صوبہ بنوا دیا جائے تب بھی گھاٹے کا سودا نہیں کہ کرسی آنی جانی چیز ہے۔ (ن) لیگ والے پہلے بھی مرکز او رصوبے کے حکمران رہے ہیں۔ اگر دو سال کیلئے وہ نصف صوبے کے حکمران بن جائیں گے تو قیامت نہیں آجائے گی البتہ سرائیکی صوبہ بننے سے وسیب کے کروڑوں افراد کا فائدہ ہے اور سرائیکی صوبے کا اقتدار تحریک انصاف کے پاس ہو گا اور وہ حقیقی وزیر اعلیٰ ہو گا اب تو عثمان بزدار مسافر پنچھی کی طرح تخت لاہور کے چبوترے پر بیٹھے نظر آتے ہیں۔ ملک جاوید چنڑ نے کہا کہ جب تک صوبہ نہیں بنے گا ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ ہم نے احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کے نام پر وسیب کو دھوکہ دیا جا رہا ہے اور کہا جاتا تھا کہ عمران خان وعدے کے پکے ہیں مگر وہ یوٹرن خان ثابت ہوئے ہیں مگر اب ہم سروں پر کفن باندھ لیا ہے اور ہمارا سب سے بڑا مشن سرائیکی صوبہ ہے۔ اس وقت تک خاموش نہیں رہیں گے جب تک صوبہ نہیں بنے گا۔ شریف خان لشاری نے کہا کہ وسیب کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ہو رہا ہے اور وسیب کے لوگوں کو تیسرے درجے کا شہری بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے صوبے کے نام پر دھوکہ دیا۔ وسیب کے لوگوں نے صوبے کے نعرے پر تحریک انصاف کو ووٹ دیئے وہ اُن سے بھی بڑھ کر بے وفا ثابت ہوئے۔ اب صوبہ نہیں بنایا جاتا تو وسیب میں ووٹ لینے کوئی نہ آئے۔ حنیف خان ٹانوری نے کہا کہ کوٹ ادو کو ضلع بنایا جایا۔ تھل میں ناجائز الاٹمنٹیں روکی جائیں ۔ پانی کا مسئلہ حل کیا جائے اور تھل کے علاقوں میں ہسپتال، سڑکیں اور سکول بنائے جائیں اور ہمارے بچوں کو روزگار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرائیکی صوبہ تحریک میں دل و جان کیساتھ شامل ہو چکے ہیں اور اب اس تحریک سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں