مظفرگڑھ: سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہر محمد اقبال این جی اوز کے نمائندوں سے خطاب کر رہے ہیں
مظفرگڑھ:صحت مند ماں اور صحت مند بچہ کے بغیر ایک صحت مند معاشرے کا خواب کبھی بھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔ مائیں اپنے بچوں کو اگر پورے دو سال تک اپنا دودھ پلائیں تو اس سے نہ صرف بچے تندرست وتوانا ہوں گے بلکہ مائیں خود چھاتی اور بچہ دانی کے کینسر اور کئی دوسرے موذی امراض سے محفوظ ہو سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہر محمد اقبال نے ضلعی کلسٹر مینیجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں کیا جس کا انعقاد ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں رہنما ایف پی اے پی نے کیا تھا۔ میٹنگ میں ضلعی آفیسر محکمہ بہبود آبادی فرزانہ کوثر، سید محمد علی مدنی پروگرام مینیجر رہنما ایف پی اے پی ، یوتھ گروپ اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہر محمد اقبال نے این جی اوز کی طرف سے لوگوں کے لیے کووڈ -19 کی ویکسین کے کیمپ لگوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں حکومتی اور غیر حکومتی اداروں کے نما ئندوں نے خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کے حوالے سے اپنی سہ ماہی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں