سرائیکی وسیب کو حق نہ ملاتو سڑکوں پر بھر پور احتجاج ہوگا، ملک اللہ نواز وینس - App Urdu News | Urdu News | Latest Urdu News

بریکنگ نیوز

سرائیکی وسیب کو حق نہ ملاتو سڑکوں پر بھر پور احتجاج ہوگا، ملک اللہ نواز وینس

 

Allah Nawaz Wains and Zahoor Dhareja Multan
ملتان: سرائیکی پارٹی اور سرائیکستان قومی کونسل کے ممبران ملک اللہ نواز وینس اور ظہور دھریجہ کی قیادت میں مظاہرہ کر رہے ہیں


ملتان: پاکستان سرائیکی پارٹی اور سرائیکستان قومی کونسل کی طرف سے صوبائی بجٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،سرائیکی رہنمائوں ملک اللہ نواز وینس، ظہور دھریجہ، شریف خان لشاری اور احسان چنگوانی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی بجٹ میں 15 یونیورسٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں سے آبادی کے مطابق 8 یونیورسٹیاں سرائیکی وسیب کا حق تھا مگر صرف 4 یونیورسٹیاں دی گئیں اور اس میں بھی 3 یونیورسٹیاں پہلے سے اعلان شدہ ہیں۔ ملک اللہ نواز وینس نے کہا کہ وسیب کا قدم قدم پر استحصال ہو رہا ہے جسے ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ ہماری منزل صوبہ سرائیکستان ہے اور ہم نے سول سیکرٹریٹ کا نہ مطالبہ کیا اور نہ ہی تحریک انصاف نے اس کا وعدہ کیا تھا مگر ستم ظریفی دیکھئے کہ گزشتہ بجٹ میں سول سیکرٹریٹ کیلئے چار ارب روپے رکھے گئے جو خرچ نہ ہوئے موجودہ بجٹ میں ایک ارب سے بھی کم رقم رکھی گئی اور کہا گیا کہ اس سے ملتان اور بہاولپور میں دو سیکرٹریٹ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران صوبہ تو کیا سیکرٹریٹ بھی نہیں بنانا چاہتے۔ اس کیلئے پوری قوم کو سڑکوں پر آنا ہو گا۔ شریف خان لشاری نے کہا کہ 35 فیصد بجٹ ایک ڈھونگ ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ نہ صرف بجٹ بلکہ وفاقی اور صوبائی ملازمتوں میں بھی وسیب کو مکمل حصہ دیا جائے۔ احسان خان چنگوانی نے کہا کہ انڈس ہائی وے قاتل روڈ بن چکی ہے یہ 1965ء کا منصوبہ ہے مگر ہر مرتبہ لولی پاپ دے کر خاموش کرا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک وزیر اعلیٰ کے گھر کے آگے سے گزر رہی ہے اور اس سے کراچی، پشاور کے درمیان ساڑھے چار سو کلو میٹر فاصلہ کم ہوتا ہے مگر اس کا جرم یہ ہے کہ یہ پنجاب سے نہیں گزرتی اسی بناء پر اسے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ملک یعقوب وینس نے کہا کہ ہم اپنے حقوق کیلئے تن من دھن قربان کریں گے۔ اس موقع پر نوجوانوں نے زبردست نعرے بازی کی۔ ثوبیہ ملک نے سرائیکی ترانہ پیش کیا۔ مظاہرے میں ڈاکٹر ظفر ہانس، مہر سہیل، عابد مہوٹا اور مہر شان  ندیم خان لشاری، حاجی عید احمد دھریجہ، افضال بٹ، ایاز محمود دھریجہ و دیگر نے بھی شرکت کی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں